19 فروری 2014
وقت اشاعت: 8:18
دنیا کی سب سے بدمزاج اورچڑچڑی بلی ٹوائے فےئر پہنچ گئی
نیو یارک…انسانوں کاغصیلا ،چڑچڑا اور بدمزاج ہونا تو عام سی بات ہے لیکن امریکا میں ایک بی مانو ایسے بھی ہے جس کی ناک پر ہر وقت غصہ رکھا رہتا ہے۔ امریکی ریاست ایری زونا سے تعلق رکھنے والی ٹارڈر سوس نامی انوکھی بلی اپنے کڑوے اور تیکھے نین نقوش اور چہرے سے جھلکنے والے بد مزاج تاثرات کی وجہ سے دنیا بھر میں کافی مشہور ہے۔گذشتہ روز ٹارڈر سوس نامی یہ بلی امریکی شہر نیویارک میں جاری ٹوائے فےئر پہنچی جہاں ایک معروف کھلونا ساز کمپنی کی جانب سے اس بلی سے متاثر ہوکر تیار کیے گئے کھلونے اور دیگراشیاء متعارف کروائی گئی ہیں۔دنیا کی سب سے گرمپی(بدمزاج اور چڑچڑی)بلی کے نام سے جانے جانی والی اس بلے کے چہرے کے زاویے بالکل سپاٹ، باہر کی طرف اُبلتی ہوئی آنکھیں اور ناپسندیدگی کا اظہار لیے نچلا جبڑا اور ہونٹ کسی کو بھی چڑچڑا ہٹ میں مبتلا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ سال ٹارڈز کے مالکان نے ناگواری کے تاثرات لیے اس بلی کی چند تصاویر اپ لوڈ کیں تو لوگوں نے انکے نقلی ہونے کا شبہ ظاہر کیا جسکے بعد آن لائن جاری کی وڈیو میں جب یہ بات واضح ہوئی تو راتوں رات یہ بلی آن لائن مقبولیت حاصل کرگئی۔