2 اگست 2013
وقت اشاعت: 19:20
چین کا بحری جہاز کراچی میں شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف
کراچی … طبی سہولیات سے آراستہ اپنی نوعیت کا پہلا چینی طبی بحری جہاز ”پیس آرک“ کراچی میں عوام کو بین الااقوامی معیارکی طبی سہولیات فراہم کررہا ہے، چینی بحری جہاز سے طبی سہولیات کی فراہمی پاک چین دوستی کی بہترین مثال ہے۔ چائینز نیوی کا طبی سہولیات سے آراستہ بحری جہاز پیس آرک کراچی کی بند رگاہ پر گزشتہ 2 روز سے مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ہے۔ پیس آرک کے کمانڈر شین ہاوٴ کے مطابق خطے میں امن، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا عزم لیے سفر کا آغاز کیا ہے، اب تک 1100 سے زائد مریضوں کا علاج کیا جاچکا ہے، اس جہاز میں 30 سے زائد کلینکس قائم ہیں، طبی معائنے کیلئے مریضوں کی رجسٹریشن بندرگاہ اور الشفاء اسپتال میں کی جارہی ہے۔ کمانڈر پی این ایس شفاء ایوب صابر کے مطابق پیس آرک کے ذریعے جہاں عام لوگوں کو بین الااقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں وہیں پاکستان نیو ی کو بھی کئی چیزیں سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ پیس آرک 4 اگست تک کراچی میں رہے گا۔ کراچی بندرگاہ پر موجود جدید طبی سہولیات سے آراستہ چینی بحری جہاز پیس آرک جہاں پاکستانی عوام کی خدمت میں مصروف ہے وہی یہ امر پاک چین دوستی کو مزید وسعت بھی دے رہا ہے۔