5 نومبر 2013
وقت اشاعت: 14:10
پنجاب میں ڈینگی قابو سے باہر،4قسم کے وائرس کا انکشاف
لاہور…پنجاب میں ڈینگی قابو سے باہر ہو گیاہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 71 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ اس مرتبہ مریضوں میں چار قسم کے ڈینگی وائرس پائے گئے ہیں۔ پنجاب میں ڈینگی مچھر نے خوف و ہراس پھیلا دیا، ہر روز درجنوں مریض اسپتال پہنچنے لگے،سرکاری اور پرائیویٹ اسپتال ڈینگی وائرس میں مبتلا مریضوں سے بھر گئے۔اب عوام کو ایک دو نہیں، چار اقسام کے ڈینگی وائرس سے بچنا پڑے گا۔حالات اتنے گھمبیر ہو گئے، لیکن حکومت صرف دعووٴں میں مصروف ہے، روزانہ اجلاس بلایا جاتا ہے، کبھی کبھار واک بھی ہو گئی، عوام میں شعور اجاگر کرنے پر بھی زور۔ تاہم عملی قدم ایک بھی نہیں اُٹھایا، ڈینگی بریگیڈ بھی ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھا ہے، لاہور کے کسی علاقے میں فوگنگ یا سپرے نہیں کیا گیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب ڈینگی میں غفلت برتنے پر معافی نہ دینے کی باتیں کرتے ہیں، لیکن ابھی تک کسی کو پکڑا ہی نہیں گیا تو معافی کیسی؟عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت زبانی جمع خرچ کے بجائے ڈینگی مچھروں کے خاتمے کے لئے مناسب اقدامات کرے۔