14 نومبر 2013
وقت اشاعت: 5:12
خیبر پختونخوا میں سرد موسم کے ساتھ ہی دمے کی بیماری میں اضافہ
پشاور…خیبر پختون خوا میں سرد موسم کے ساتھ ہی دمے کی بیماری بھی شدت ا ختیار کر گئی ہے۔ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی، گاڑیوں کے دھویں اور گردوغبار کی وجہ سے پشاور شہر کے گنجان آباد علاقوں میں سانس اور دمے کے امراض پھیل رہے ہیں ۔ماہرین صحت کے مطابق دمے کی بیماری کاحملہ کسی بھی موسم اورعمرمیں ہو سکتا ہے۔ تاہم سردی کی شدت اور فضائی آلودگی کے باعث دمہ،سانس اور سینے کے امراض میں اضافہ ہورہا ہے۔ دمے میں سانس کی نالی کی اندرونی دیواروں پر ورم آجاتا ہے جس سے سانس لینے میں دقت ہوتی ہے، جس کے باعث انسان پر دمے کا حملہ بتدریج بڑھتا ہے اور بڑھ کر سینے کو جکڑ لیتا ہے، سانس لینے میں مشکل ہوتی ہے اور کھانسی کا دورہ پڑ جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق دمہ ایک موروثی بیماری ہے، خشک اور سرد موسم میں باقاعدگی سے انہیلر کے استعمال سے دمہ جیسی بیماری پر کسی حدتک قابو پانے میں مد د مل سکتی ہے۔ محکمہٴ صحت خیبر پختونخوا کے اعداوشمار کے مطابق صوبے میں رواں سال کے دوران دمہ کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ ہوا ۔مردوں کی نسبت خواتین میں دمے کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔