6 اپریل 2012
وقت اشاعت: 14:9
ہیکرز کا سینکڑوں چینی ویب سائٹس پر حملہ
ہیکرز کے گروہ ’انونیمس‘ نے چین کی پانچ سو کے قریب ویب سائٹس پر حملہ کر کے ان کا حلیہ بگاڑ دیا۔
ہیکرز نے چین کے سرکاری اداروں، حکومتی ایجینسیوں اور کاروباری اداروں کی ویب سائٹس کو نشانہ بنایا۔
ویب سائٹوں کا حلیہ بگاڑنے کے بعد ان ہیکرز نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ حملہ چینی حکومت کے اپنی شہریوں کو سختی سے کنٹرول کرنے کے اقدامات کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا گیا ہے۔
اس پیغام میں چینی شہریوں کو حکومت کے خلاف اٹھ کھڑا ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔ پیغام میں چینی عوام کو گمنام چین نامی تنظیم میں شریک ہونے کی بھی دعوت دی گئی ہے۔
ان ویب سائٹوں کا حلیہ بگاڑنے والے واقعات کا پیغام گمنام چین نامی ایک اکاؤنٹ سے جاری کیا گیا جو اسی برس مارچ میں قائم کیا گیا تھا۔ اس پیغام میں حملے کا نشانہ بننے والی چار سو پچاسی ویب سائٹوں کے نام بھی دیے گئے تھے۔
جب ان ویب سائٹوں پر حملے ہوئے تھے تو ان سے منسلک ای میلز کے پتے اور دیگر پیغامات بھی چرا لیے گئے۔ حملے کا نشانہ بننے والی ویب سائٹوں پر ایک ہی قسم کا پیغام چھوڑا گیا تھا جس میں حکومت پر عوام کو کچلنے کی وجہ سے تنقید کی گئی تھی۔
پیغام کے مندرجات کچھ اس طرح کے تھے کہ ’عزیز چینی حکومت، آپ غلطیوں سے پاک نہیں ہو، آج آپ کی ویب سائٹیں ہیک ہوئی ہیں، اور کل آپ کی مکروہ حکومت گرے گی‘۔
کہا جاتا ہے کہ چین میں اس وقت دنیا کا موثر ترین انٹرنیٹ نگرانی نظام موجود ہے، جسے ’گریٹ فائر وال آف چائنا‘ کہا جاتا ہے اور جس کی بدولت چینی حکومت اپنے سماجی نظام پر کنٹرول کو موثر بناتی ہے۔
اس نظام کی وجہ سے چینی حکومت اپنے عوام کی ویب سائٹوں کی براؤزنگ پر نظر رکھتی ہے اور یہ بھی تعین کرتی ہے کہ ان ویب سائٹس پر کس قسم کی گفتگو ہو۔
جن ویب سائٹوں پر حملے ہوئے ہیں وہاں پیغامات کے ساتھ ان سائٹس کے لنکس بھی شائع کیے گئے ہیں جن کے ذریعے چینی عوام حکومتی سرویلینس سے بالا بالا اپنی گفتگو کرسکتے ہیں۔ اس قسم کے اکثر پیغامات انگریزی زبان میں تھے لہٰذا یہ طے کرنے مشکل ہے کہ ان پیغامات کا چینی عوام کو کتنا فائدہ پہنچا ہوگا۔
تاہم اب تک سرکاری طور پر ان ویب سائٹوں کی ہیکنگ کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ خبررساں اداروں نے حکومتی اہلکاروں کے حوالے سے ہیکنگ کے ان واقعات کی تردید کی ہے۔
مگر کئی ایک ویب سائٹس جن کے بارے میں ہیکنگ کا دعویٰ کیا گیا ہے انھیں اس وقت انٹر نیٹ پر نہیں دیکھا جاسکتا ہے اور کچھ ویب سائیٹوں پر تو ہیکنگ کے بعد چھوڑا جانے والا پیغام کافی دیر تک موجود رہا۔
گمنام چین نامی تنطیم نے کامیابی کے ساتھ ان ویب سائٹوں کا دوبارہ حلیہ بگاڑا جنھیں پہلے حملے کے بعد ٹھیک کردیا گیا تھا۔