تازہ ترین سرخیاں
 سائنس وٹیکنالوجی 
26 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 7:53

سمارٹ فونز سے کیمروں کی فروخت متاثر

امریکہ میں کیے گئے ایک مارکیٹ سروے میں پایا گیا ہے کہ امریکہ میں چھوٹے کیمروں اور کیم کوڈر کی نسبت سمارٹ فون زیادہ فروخت ہورہے ہیں۔

این ڈی پی گروپ کا کہنا ہے گزشتہ گیارہ مہینوں میں گزشتہ برس کے مقابلے میں چھوٹے ڈیجیٹل کیمروں کے سترہ فیصد یونٹ کم فروخت ہوئے ہیں۔
گزشتہ گیارہ مہینوں میں ہی جیبی مووی کیمروں کی فروخت میں تیرہ فیصد کی کمی آئی ہے۔

این ڈی پی کے ذریعے کیے گئے آن لائن سروے میں نوجوان لوگوں نے کہا کہ وہ اپنے سمارٹ فون پر ہی ویڈیو بنانا پسند کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر دن کی زندگی کے اہم لمحات کی تصاویر اور ویڈیو بنانے کے لیے وہ کیمروں سے زیادہ اپنے سمارٹ فون کا استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ چھٹیوں کے دوران منظر کشی کرنے کے لیے وہ اپنے کیمروں کا ہی استعمال کرتے ہیں۔

این ڈی پی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پہلی بار کمیرے سے لی جانے والی تصاویر میں پچاس فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے۔

سروے میں پایا گیا ہے کہ اس پورے سال بیشتر لوگوں نے چوالیس فیصد فوٹو اپنے کیمروں سے کھینچے جبکہ گزشتہ برس باون فیصد فوٹو کیمروں سے کھینچے گئے تھے۔

اس برس سمارٹ فون سے کھینچی گئی فوٹو میں ستائیس فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ برس یہ تعداد سترہ فیصد تھی۔

این ڈی پی کے ایک اہلکار کا کہنا تھا ’اس میں کوئی شک نہیں کہ زیادہ تر مواقع کے لیے لوگ سمارٹ فون کا استعمال کر رہے ہیں لیکن اہم مواقع پر لوگ ابھی بھی اپنے کیمروں کا استعمال کرنا پسند کرتے ہیں‘۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سمارٹ فون پر منظر کشی کرنے کے چلن کی ایک وجہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس ہیں کیونکہ فون سے فوٹو کھینچ کر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر فوٹو اپ لوڈ کرنا بے حد آسان ہوتا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.