11 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 4:38
کراچی:دورینجرز،ایک ٹریفک اہلکارسمیت 10افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات میں دو رینجرز اہلکار اور ٹریفک پولیس اہلکار سمیت دس افراد جان کی بازی ہار گئے۔اورنگی اور صدر کے علاقے میں تین کریکر دھماکے سے خوف وہراس پھیل گیا۔
کراچی میں قتل و غارت گری کاسلسلہ جاری ہے۔ شہرکے مختلف علاقوں میں دندنانے والے دہشت گردوں نے متعددافراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔سہراب گوٹھ ال آصف اسکوائرکے سامنے پولیس چوکی کے قریب کھڑے رینجرز اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے گولیوں کانشانہ بنایا۔ فائرنگ کے واقعے میں حوالدار حکیم اور سپاہی عنایت موقع پر ہی دم توڑ گئے ، فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونیوالا ٹریفک پولیس کا سب انسپکٹر قمر پیرزادہ دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ ٹریفک پولیس کا اے ایس آئی خالد حسین زخمی ہوا۔
واقعے کے بعدرینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ترجمان رینجرز کےمطابق اہلکاروں کی شہادت کامیاب آپریشنز کانتیجہ ہوسکتی ہے۔دہشت گردی کاواقعہ رینجرز کے حوصلےپست نہیں کرسکتا اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر میں شاہراہ اورنگی پر قطرمسجد کے قریب یکے بعد دیگرے کریکر کے دو دھماکے ہوئے۔ دھماکوں سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پریڈی اسٹریٹ پر تبت سینٹر کے نیچے اسپیئر پارٹس کی بند دکان پر بھی کریکر حملہ کیا گیا جسکے نتیجے میں دکان کو جزوی نقصان پہنچا۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق دہشت گرد کریکر حملے کرکے شہر میں خوف پھیلانا چاہتے ہیں ۔ گلبہار میں گھات لگائےنامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بتیس سالہ علی عباس کوقتل کردیا،ماڑی پور روڈ احمد شاہ بخاری مزار کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ۔ نصرت بھٹو کالونی میں فائرنگ سے زخمی ہونیوالا حمزہ نامی شخص جانبر نہ ہوسکا، شریف آباد تھانے کی حدود کریم آباد پل کے نیچے فائرنگ سے سمیع اللہ جان سے گیا ۔ قائد آباد مرغی خانے کے قریب بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ مارٹن کوارٹر میں ایک شخص کی لاش ملی جسے گولی مار کر قتل کیا گیا،محمد زاہد نامی شخص کو گارڈن کے علاقے میں قتل کردیا گیا۔