11 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 19:21
کراچی میں رواں سال ہلاکتوں کی تعداد 2440 ہوگئی
اے آر وائی - کراچی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ ایک تسلسل سے جاری ہے ۔اگر کراچی میں صرف ایک سال یعنی سنہ دو ہزار بارہ میں ہونے والی ہلاکتوں کا جائزہ لیا جائے تو اندوہناک اعداد و شمار ہمارے سامنے آتے ہیں اس سال دو ہزار چار سو چالیس افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
روشنیوں کے شہر کراچی میں ایک تسلسل سے موت کا کھیل جاری ہے،حکومتی دعوے، اقدامات اور سپریم کورٹ کے احکامات سب بے سود ثابت ہوئے،، دسمبر کے پہلے عشرے میں دہشت گردوں نے باسٹھ افرادکو ابدی نیند سلا دیا، نومبر میں ایک سو ستر افراد دندناتی گولیوں کا نشانہ بنے۔
اکتوبر میں دوسوساٹھ افراد اندھی گولیوں کا شکار ہوئے،ستمبر میں ہلاکتوں کی تعداد دوسوچھتیس رہی،آزادی کے مہینے اگست میں دوسوچار افراد کو زندگی کی قید سے آزاد کردیا گیا ، جولائی میں دوسوسینتیس شہریوں سے ان کی زندگی چھین لی گئی، جون میں دوسو بیس افراد دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے،مئی میں دوسوبارہ افراد کی سانسوں کی ڈوری کاٹ دی گئی، اپریل میں دوسوچار افراد نامعلوم سمت سے آتی گولیوں کی زد میں آئے۔
مارچ میں ایک سو باون لوگوں کے سینے گولیوں سے چھلنی کردیے گئے ،فروری میں ایک سو اڑتیس زندگیوں کے چراغ گل ہوئے اورسال کے آغاز جنوری میں ایک سو انتیس افراد سے زندگی چھین لی گئی۔۔