12 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 10:19
ہمارے نزدیک جعلی پولیس مقابلے حرام ہیں،ڈی جی پنجاب
اے آر وائی - آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمارے نزدیک جعلی پولیس مقابلے حرام ہیں ۔جعلی مقابلوں پر یقین نہیں رکھتے۔ ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے پولیس پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس انڈسٹریز کی طرف سے انکے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں اعلی آفیسر تعینات کئے گئے ہیں جس کے باعث جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انکے نزدیک جعلی پولیس مقابلے حرام ہیں ۔
رواں سال میں تین سو پچاس مقابلوں کے دوران ساڑھے تین سو سے زائد جرائم پیشہ افرد کو جہنم واصل کیا گیا ۔جس میں پولیس کے بھی پچیس اہلکار شہید ہوئے ۔پولیس باہر نکلے گی تو جرائم پیشہ مقابلے بھی ہوں گے ۔ہم نے پنجاب کو امن کا گہوارہ بنانے کی قسم کھا رکھی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں اپوزیشن کی جانب سے لگائے گئے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس نے یوم عاشورہ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی اچھے انتظامات کئے ان افسروں نے جاں فشانی سے کام کیا ۔تقریب میں چیمبر کے اعلی عہدےداروں نے محرم الحرام میں پولیس کی اعلی کارکردگی پر آئی جی پولیس، سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی آپریشنز کو تعریفی اسناد اور میڈلز دئیے گئے۔