12 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 12:59
ملتان:ماں کی جانب سے زنجیروں میں جکڑی بچی بازیاب
اے آر وائی - ملتان کے نواحی علاقے فقیر والی میں ماں کی جانب سے زنجیروں میں جکڑی جانے والی آٹھ سالہ بچی کو اے آر وائی کی ٹیم اور پولیس نے بازیاب کرا لیا۔ جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنے کے لیے معاشی جدوجہد نے مجبور ماں کو اس حد تک سنگدل بنا دیا کہ اس نے اپنی آٹھ سالہ معصوم بچی شہنیلا کو درخت کے ساتھ زنجیروں سے جکڑ دیا۔
اے آر وائی نیوز کی ٹیم اور پولیس نے چھاپہ مار کر بچی کو بازیاب کرا لیاتھا۔ بعد میں اسے پھر کمرے میں بند کر کے دوبارہ زنجیروں میں جکڑ دیا۔ سات سال قبل اپنے باپ پولیس کانسٹیبل عبدالحق کے سائے سے محروم ہونے والی ننھی شہنیلا ایک سال تک زنجیروں میں جکڑی رہی۔
شہنیلا کی ماں بشری بی بی کا کہنا ہےکہ وہ مزدوری کرتی ہے۔ بچی کھیلنے کےلئے گھر سے نکل جاتی ہے،اس لیے اسے زنجیروں سے باندھ کر رکھا۔ ماں کی جانب سے دوبارہ باندھ دینے کے خدشے کے پیش نظر پولیس نے شہنیلا کواس کے ماموں کے حوالے کر دیا ہے۔ بشری بی بی کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔