14 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 0:39
تاجروں کی گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات
اے آر وائی - گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے تاجروں سے ملاقات میں مارکیٹوں میں پولیس نفری بڑھانے اور قیام امن کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تاجر رہنما سراج قاسم تیلی کہتے ہیں کہ گورنر پر بھروسہ ہے، اگر کسی نے لالی پاپ دینے کی کوشش کی تو لائحہ عمل طے کرنے میں آزاد ہونگے۔
شہر میں بڑھتی بدامنی،بھتہ پرچیاں اور دستی بموں کے ستائے تاجروں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجروں نےگورنر سندھ سے شہر میں بدامنی ، بھتہ مافیا کی بڑھتی سرگرمیاں اور تاحال اضافی نفری کی تعیناتی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں تاجر رہنما سراج قاسم تیلی کا کہنا تھا کہ تاجروں سے کیے گئے وعدے سست روی کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گورنر پر بھروسہ ہے،حکومت چاہے تو سب ٹھیک ہو سکتا ہے،معاملہ نیتوں کا ہے۔
سی پی ایل سی چیف کہتے ہیں کہ مارکیٹوں میں جلد کیمرے ، چوکیاں اور بئیررز کے کام کا آغاز ہو جائے گا۔ گورنر سندھ نے تاجروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیع ہے۔انھوں نے مارکیٹوں میں سخت سیکیورٹی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔