15 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 8:22
حیدرآباد سمیت سندھ کے کئی شہروں میں پرامن احتجاج
اے آر وائی - ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی اپیل پر حیدرآباد سمیت سندھ کے کئی شہروں میں پُر امن احتجاج جاری ہے۔ کاروباری مراکز اور پیٹرول پمپس بندہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کارکنان سے پرامن احتجاج کی اپیل کی تھی۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پر امن احتجاج کرنا عوام کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ حیدرآباد سمیت سندھ کے کئی شہروں میں پر امن احتجاج کے دوران تمام کاروباری مراکز ،دکانیں اور پیٹرول پمپ بند ہیں۔ احتجاج کے باعث حیدرآباد میں سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کی وجہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تعلیمی ادادوں اور دفاتر جانے والے افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، اسکولوں اور دفاتر میں حاضری بھی معمول سے کم ہے۔ شہر میں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیئے گئے ہیں۔ میرپورخاص میں بھی کارباوباری مراکز اور پیٹرول پمپ مکمل طور پر بند ہیں۔ کچھ علاقوں میں صبح سویرے کُھلنے والی دکانیں اور ہوٹلز کو بھی بند کرا دیا گیا۔
سکھراور نواب شاہ میں بھی کئی علاقے بند ہیں ، پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول سے کم ہے، جس کی وجہ سے بس اسٹاپس پر شہریوں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے۔ ٹنڈوآلہ یار میں بھی پُر امن احتجاج کے دوران تمام کاروباری مراکز اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔