9 جنوری 2013
وقت اشاعت: 7:14
سلطان راہی کو ہم سے بچھڑے 17 برس بیت گئے
اے آر وائی - پاکستانی فلمی دنیا کے ہیرو سلطان راہی کو ہم سے بچھڑے سترہ برس بیت گئے۔ اْن کا بنایاہوا سب سے زیادہ فلموں میں اداکاری کا ورلڈ ریکارڈ آج تک کوئی دوسرا پاکستانی توڑ نہ سکا۔
پاکستانی فلم انڈسٹری نے یوں تو بے شمار نامور اداکاروں کو جنم دیا لیکن سلطان راہی کے ذکر کے بغیر فلمی تاریخ ہی ادھوری ہے۔سلطان راہی کا اصل نام سلطان محمد تھا۔انہوں نے انیس سو چھپن میں فلم انڈسڑی میں قدم رکھا اور دیکھتے ہی دیکھتے پنجابی فلموں کے ڈان بن گئے۔
انیس سو بہتر میں فلم بشیرا اور انیس سو پچھتر میں وحشی جٹ نے ان کی بقیہ زندگی کا راستہ متعین کردیا۔ انیس سو اسی کے عشرے کی فلموں میں سلطان راہی ہاتھ میں گنڈاسا پکڑکردشمنوں سے لڑتے رہے۔ ان کا انداز نرالا اور اداکاری پر حقیقت کا گمان ہوتا تھا۔
آٹھ سو سے زائد فلمز میں کام کرنے کی بناء پر ان کا نام گنز بْک آف دی ورلڈ میں بھی شامل کیا گیا۔ ان کی فلمیں شیر خان، سالا صاحب اور چن وریام دو اگست انیس سو اکیاسی کو اکٹھی نمائش پذیر ہوئیں اورسب کی سب سپرہٹ ثابت ہوئیں۔
سلطان راہی پنجابی فلموں کے وہ سپرہٹ اداکار تھے جو ہیرو اور ولن دونوں روپ میں مقبول ہوئے۔
جنوری انیس سو چھیانوے میں پاکستانی فلمی صنعت کے اس ایکشن ہیرو کو قتل کردیا گیا۔ موت کے بے رحم پنجے نے ایک آدمی کو قتل نہیں کیا بلکہ فن کا ایک باب ختم کردیا۔ ان کے بعد پاکستانی فلم بینوں کو سلطان راہی جیسے اداکار کی تلاش ہے۔