22 اپریل 2013
وقت اشاعت: 6:32
معین اختر کو چاہنے والوں سے بچھڑے دو برس بیت گئے
جیو نیوز - کراچی…اپنی منفرد اداکاری سے لوگوں کے لبوں پر ہنسی بکھیرنے والے ورسٹائل فنکار معین اختر کو اپنے چاہنے والوں سے بچھڑے دو برس بیت گئے۔ چوبیس دسمبر انیس سو پچاس کو کراچی میں پیدا ہونے والے معین اختر کی وجہ شہرت کسی ایک شعبے کی مرہون منت نہیں تھی۔ وہ فن کی دنیا کے بے تاج بادشاہ تھے۔انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں بہت سے شعبوں میں کام کیا۔ وہ بحیثیت اداکار، گلوکار، صداکار، مصنف، میزبان اور ہدایت کار معین اختر نے اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوایا۔ ان کے مشہورٹی وی ڈراموں میں روزی، آنگن ٹیڑھا، انتظار فرمائیے، ہاف پلیٹ، عید ٹرین نمایاں رہے۔انور مقصود کے ساتھ ان کی جوڑی بہت جمی،انور مقصود کے جملے اور معین اختر کا برجستہ انداز آج بھی سب کو یاد ہے۔پاکستان کے لئے فخر کا باعث بننے والے یہ فنکار دو سال قبل کراچی میں ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کرگئے۔ یہ وہ پہلے پاکستانی فنکار ہیں جن کے مجسمے کو لندن مشہور مومی عجائب گھر مادام تساؤ میں نصب کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔اس کے علاوہ معین اختر کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ پاکستان کی پہچان بننے والے معین اختر اپنے مداؤں کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔