29 مارچ 2013
وقت اشاعت: 17:25
پنجاب:مزید 127 بچوں میں خسرے کی تشخیص
آج نیوز - پنجاب میں خسرے کا مرض تشویش ناک صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے،لاہور میں آٹھ سال کی بچی خسرے کے باعث انتقال کر گئی۔چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں مزید ایک سو ستائیس بچوں میں مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔چلڈرن اسپتال لاہور میں خسرے کے مرض میں مبتلا آٹھ سالہ بچی علیزے رات گئے دوران علاج دم توڑ گئی جس کے بعد صوبے بھر میں اب تک بتیس جبکہ لاہور میں اکیس بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور، گوجرا نوا لہ،فیصل آباد،راجن پور،جھنگ،راولپنڈی،گجرات،اور مظفرگڑھ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں مزید ایک سو ستائیس بچوں میں خسرے کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے،چار ماہ میں متاثرہ بچوں کی تعداد اب سات ہزار چھ سو انتالیس تک جا پہنچی ہے،اس وقت لاہور کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں خسرے کے مرض میں مبتلا ستر بچے زیرعلاج ہیں۔