29 مارچ 2013
وقت اشاعت: 18:5
سنی اتحاد کونسل و ق لیگ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ڈیڈلاک
آج نیوز - سنی اتحاد کونسل اور ق لیگ کا آئندہ انتخابات پر سیٹ ایڈجسمنٹ پر ڈیڈ لاک ہوگیا ، سنی اتحاد کونسل نے مسلم لیگ ق سے اپنے مخالف امیدواروں سے کاغذات واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنماء رانا محمد عرفان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق نے سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کے خلاف کاغذات نامزدگی جمع کروا کے سیٹ ایڈجسٹمنٹ فارمولے کی خلاف ورزی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی قائدین صاحبزادہ فضل کریم اور حاجی حنیف طیب کی توجہ ایسی خلاف ورزیوں پر مربوط کرائی ہے،جس کے بعد سنی اتحاد کونسل نے اس کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر ایسے امیدواروں کیخلاف ق لیگ کے امیدواروں نے کاغذات واپس نہ لئے تو سیٹ ایڈ جسٹمنٹ فارمولہ خطرے میں پڑ جائے گا۔