29 مارچ 2013
وقت اشاعت: 18:35
گوجرانوالہ : جماعت اسلامی کے امیدوار قاتلانہ حملے میں زخمی
آج نیوز - گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر اور امیدوار قومی اسمبلی بلال قدرت بٹ انتخابی مہم کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے، تشویش ناک حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا،کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا۔قومی اسبلی کے حلقہ اٹھانوے گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کے امیدوار بلال قدرت بٹ انتخابی مہم پر تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں امیدوار سمیت چھ کارکن شدید زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لئے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق بلال قدرت کو تین گولیاں لگی ہیں اور ان کی حالت تشویش ناک ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی جماعت اسلامی کے کارکن بڑی تعداد میں سول ہسپتال جمع ہو گئے اور مسلم لیگ نون کے مقامی رہنماء میاں مظہر کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزموں کو فورا'' گرفتار کیا جائے۔