30 مارچ 2013
وقت اشاعت: 16:25
ایچ ای سی:54 سابق اراکین پارلیمنٹ کی ڈگریاں جعلی قرار
آج نیوز - ایچ ای سی نے جعلی ڈگری ہولڈرز چون سابق اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کے نام الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دیئے ہیں، آخوندزادہ چٹان،ثمینہ خاور حیات،غلام دستگیر راجڑ اور وسیم افضل گوندل کی ڈگری جعلی قرار دے دی گئی ہے۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جعلی ڈگری ہولڈرز کے بھیجے گئے ناموں میں ناصر علی شاہ،میر بادشاہ قیصرانی،سیمل کامران اور شمائلہ رانا کا نام شامل ہے۔ ایچ ای سی نے اسرار اللہ زہری اور عمر گورگیج کی ڈگری غیر مستند قرار دے دی ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے میٹرک اور ایف اے کی اسناد جمع نہ کرانے والوں کے نام بھی الیکشن کمیشن کو ارسال کر دیئے ہیں،ایچ ای سی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے جس کے مطابق ایک سو نواسی ارکان نے اپنی اسناد جمع نہیں کرائی ہیں،جن ارکان نے اپنی اسناد جمع نہیں کرائی ان میں خورشید شاہ،چوہدری نثار علی خان اور بشریٰ گوہر کے نام شامل ہیں، اس کے علاوہ فیصل صالح حیات،افراسیاب خٹک،جاوید ہاشمی اور صمصام بخاری نے بھی ایچ ای سی میں مکمل اسناد جمع نہیں کرائیں ہیں، امتیاز صفدر وڑائچ کا نام بھی غیر تصدیق شدہ ڈگریوں والے ارکان میں شامل ہے۔