30 مارچ 2013
وقت اشاعت: 16:45
الیکشن کمیشن نے اسلحہ کی نمائش کا نوٹس لے لیا
آج نیوز - الیکشن کمیشن نے مختلف علاقوں میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر اسلحہ کی نمائش کا نوٹس لے لیا،ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسلحہ کی نمائش کرنے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیں،انتخابی مہم کیلئے امیدواروں کو اپنے ذاتی بینک اکاوٴنٹ استعمال کرنے کی اجازت بھی مل گئی۔ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن افضل خان نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر اسلحہ کی نمائش کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی علاقے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہو گی،امیدوار بھی جلوس کے ساتھ کاغذات نامزدگی جمع کروانے نہ آئیں۔ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو ہدایت بھی دی ہے کہ اسلحہ کی نمائش کرنے والے امیدواروں کے کاغذات مسترد کر دیں۔الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کیلئے امیدواروں کو اپنے ذاتی بینک اکاوٴنٹ استعمال کرنے کی اجازت بھی دیدی ہے،حکام کا کہنا ہے کہ کل عام تعطیل کی وجہ سے ارکان نئے بینک اکاوٴنٹ کھلوا کر کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت بھی اکاوٴنٹ نمبر دے سکتے ہیں،اس کے علاوہ اپنا زیر استعمال اکاوٴنٹ نمر بھی ریٹرننگ افسران کو دے سکتے ہیں۔تاہم بعد میں اکاوٴنٹ نمبر تبدیل کرنے کی جازت نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق ووٹر لسٹ منجمد ہونے کے باوجود امیدواروں کو اپنے ووٹ تبدیل کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے،الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بہت سے امیدواروں کے ووٹ دوسرے حلقوں میں درج ہیں،امیدوار کاغذات نامزدگی کی رسید دیکھ کر ووٹ تبدیل یا درج کروا سکتے ہیں۔