31 مارچ 2013
وقت اشاعت: 9:29
کوئٹہ سمیت 18 اضلاع میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل
آج نیوز - بلوچستان کے علاقے چھتر میں دوسوبیس کے وی کی مین ٹرانسمیشن لائن کا ٹاور دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ جس کے نتیجے میں کوئٹہ سمیت اٹھارہ اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ٹاور نمبر چار سو اڑتیس کا جائزہ لینے کے لیے کیسکو کی ٹیمیں روانہ ہوگئی ہیں۔ کیسکو حکام کے مطابق بلوچستان کو دو لائنوں سے بجلی فراہم کی جاتی ہے جن میں سے ایک سوبیس کے وی کی مین ٹرانسمیشن لائن ہفتے کی صبح بم دھماکوں سے اڑائی گئی جبکہ دوسری لائن دو سو بیس کے وی کی لائن کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دھماکوں سے اڑا دیا گیا اس وقت بلوچستان کو ملنے والی سات سو میگا واٹ بجلی میں سے صرف دو سو میگا واٹ بجلی مل رہی ہے اور پانچ سو میگا واٹ کے شاٹ فال کا سامنا ہے ،بلوچستان کی مجموعی ضرورت تیرہ سو میگا واٹ ہے۔ بجلی بچانے کے لئے دس سے پندرہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کر کے لوڈ مینج کیا جاتا ہے۔ بختیار آباد اور چھتر میں ٹاورز کی مرمت میں چوبیس گھنٹے لگ سکتے ہیں اس دوران متبادل ذرائع سے کوئٹہ اور دیگر علاقوں کو چھ سے آٹھ گھنٹے بجلی فراہم کی جائے گی۔