31 مارچ 2013
وقت اشاعت: 15:10
ملک مبارک میموریل ٹینس ٹورنامنٹ لاہور میں اختتام پذیر
آج نیوز - ملک مبارک میموریل ٹینس ٹورنامنٹ لاہور میں اختتام پذیر ہو گیا۔ سابق کوچ رشید ملک کا کہنا ہے کہ فیڈریشن کے پاس نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا پلان نہیں جبکہ ڈیوس کپر عقیل خان کہتے ہیں کہ گراس روٹ لیول پر ایونٹس کے انعقاد سے سنیئرز کے متبادل کھلاڑی تیار کئے جا سکتے ہیں۔ باغ جناح لاہور کے ٹینس کورٹ میں کھیلے جانیوالے پانچ روزہ ٹورنامنٹ میں بوائز اور گرلز کے ایونٹس ہوئے، جن میں بوائز انڈر ایٹین میں محمد احمد، فورٹین میں حارث عرفان، ٹوائلیو میں احسان علی اور ٹین میں نالعین عباس فاتح رہے۔ گرلز انڈر ایٹین میں نور ملک نے ماہ نور کو شکست دی۔ قومی ٹینس ٹیم کے سابق کوچ رشید ملک نے ٹینس فیڈریشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے۔ڈیوس کپر عقیل خان نے گراس روٹ لیول پر زیادہ سے زیادہ ایونٹس کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور اعصام بھی ایسے ٹورنامنٹ کھیل کر ہی آگے آئے۔ٹینس لورز کی خواہش ہے کہ فیڈریشن اعصام الحق اور عقیل خان جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لئے حکمت عملی تیار کرے تاکہ آئندہ چند سالوں میں نئے کھلاڑی ان کی جگہ لے سکیں۔