31 مارچ 2013
وقت اشاعت: 16:19
تھر کول منصوبے میں بھارتی کمپنیوں کی دلچسپی
آج نیوز - بھارت کی نجی کمپنیوں نے تھرکول منصوبے میں مقامی کمپنی کے ساتھ جوائنٹ وینچر میں دلچسپی ظاہر کردی۔بھارتی کمپنیز پاکستان میں تھر کول منصوبے میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان میں تعینات بھارتی اکنامک اینڈ کمرشل کونسلر نے ، بھارتی کمپنیوں ، ٹاٹا اور بھارت ہیوی الیکٹرکل لمیٹڈ کی پاکستان کی مقامی کمپنی کے ساتھ معاہدے کے لئے کوشیشیں تیز کردی ہیں۔ بھارتی کمپنیز بھارتی ریاست گجرات اور نویلی تامل ناڈو میں جاری منصوبوں کے لئے پاکستان سے کوئلہ خریدنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارت سے تھرمیں کول مائننگ کے سلسلے میں ٹیکنالوجی کے حصول کے لئے بیس لیجسلیٹرز پر مشتمل ایک ٹیم بھارت کا دورہ کر چکی ہے تاہم سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ تھرکول منصوبے میں غیر ملکی کمپنیوں کی شمولیت سے اس منصوبے کا مستقبل بھی ریکوڈک جیسا ہی ہوگا۔ اس لئے بہتر ہوگا کہ تھر کول منصوبہ مقامی کمپنیوں کی مدد سے ہی آگے بڑھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاملات طے پانا اچھا ہے تاہم اس سلسلے میں تمام سکیورٹی خدشات اور ملکی مفاد کو مد نظر رکھا ہوگا۔