31 مارچ 2013
وقت اشاعت: 19:49
قوم الیکشن سے آئندہ نسل کے مستقبل کو محفوظ بنائے ،فضل الرحمان
آج نیوز - جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قوم انتخابات کے ذریعے ذلت اور غلامی سے نکل کر آنیوالی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنائے۔لاہور میں اسلام زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت کے برسر اقتدار آنے کے بعد کوئی جاگیردار مزارع کو بیدخل نہیں کر سکے گا، مزدور کو غلام نہیں بنایا جاسکے گا اور مزدور یونین بورڈ آف گورنرز میں پچاس فی صد حصہ دار ہو گی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کا امن پاکستان اور بھارت سے وابستہ ہے اور دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات مسئلہ کشمیر کے حل پر منحصر ہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وسائل موجود ہیں، صرف کمیشن کے لئے ایران سے گیس اور نجی کمپنیوں سے بجلی خریدی جا رہی ہے۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ ان کی جماعت عام آدمی پر ٹیکسوں کے بوجھ کو کم کر کے ریلیف دے گی، ملک میں ننگی تہذیب کو کوئی جگہ نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد اچھی بات ہے مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا، جمیعت اکیلے ہی اس خلاء کو پر کرے گی۔کانفرنس سے مولانا عبدالغفور حیدری اور جمعیت کے چاروں صوبوں کے رہنماوٴں نے بھی خطاب کیا۔