1 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:45
سپریم کورٹ:زرعی اصلاحات کیس ،بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ
آج نیوز - سپریم کورٹ نے زرعی اصلاحات کیس میں بڑا بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، چیف جسٹس کہتے ہیں عوام کے حوالے سے یہ کیس اہمیت کا حامل ہے، پٹیشن کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ بڑا بنچ کرے گا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے آٹھ رکنی بنچ نے زرعی اصلاحات کیس میں شرعی عدالت کے فیصلے کیخلاف ورکرز پارٹی کی درخواست کی سماعت کی، وفاقی شرعی عدالت کے پانچ رکنی بنچ نے انیس سو نوے میں زرعی اصلاحات کو مسترد کردیا تھا تھا جبکہ انیس سو ترانوے میں نظرثانی اپیل میں بھی فیصلہ برقرار رکھا گیا تھا، چیف جسٹس نے کہا کہ جب شرعی عدالت نے نظرثانی اپیل بھی مسترد ہو چکی ہے تو ایئین کے تحت سپریم کورٹ کا اختیار سماعت کس طرح بنتا ہے، ورکرز پارٹی کے وکیل نے موٴقف اختیار کیا کہ شرعی عدالت نے زرعی اصلاحات کے حوالے سے اختیار سماعت کا غلط استعمال کیا، کسی بھی غلط فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ نظرثانی کا اختیار رکھتی ہے ، جسٹس جواد ایس خواجہ کا بھی کہنا تھا کہ عدالت کا فیصلہ ایسمانی صحیفہ نہیں جسے تبدیل نہ کیا جا سکے ، چیف جسٹس نے کہا کہ عوام کے حوالے سے یہ کیس ہمارے لئے اہمیت کا حامل ہے، سب کو برابری کی بنیاد پر معاشی حقوق ملنے چاہئیں، انتخابات ہو رہے ہیں جن میں کوئی کسان حصہ نہیں لے رہا، تمام ایسے لوگ حصہ لے رہے ہیں جو اپنے آپ کو بالاتر سمجھتے ہیں، تاہم پٹیشن کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے سماعت بڑا بنچ کرے گا، دیکھنا ہوگا شرعی عدالت کے حتمی فیصلے کو آئین کے تحت تبدیل کیا جا سکتا ہے یا نہیں، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت تین ہفتے کیلئے ملتوی کردی ہے ۔