1 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:35
سپریم کورٹ : چیئرمین نیب کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت ملتوی
آج نیوز - سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کیخلاف توہین عدالت میں فرد جرم عائد کیے جانے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کل تک ملتوی کردی،جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے چئیرمین نیب کیخلاف توہین عدالت میں فرد جرم عائد کیے جانے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کی۔ چیئرمین نیب کے وکیل لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ ان کے موکل نے صدر کو ذاتی حیثیت میں گھر کے پتہ سے خط لکھا، چیئرمین نیب کے علم میں نہیں کہ ان کی صدر سے ذاتی نوعیت کی گفتگو پر مبنی خط کس طرح عام ہوا، جس پر جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ عدالت کے سامنے اس وقت یہ معاملہ زیر غور نہیں کہ خط کیسے سامنے آیا؟ عدالت کے سامنے یہ معاملہ ہے کہ آپ کی استدعا پر معزز بینچ کے ایک رکن جج نے خود کو مقدمے کی سماعت سے الگ نہیں کیا۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ معزز جج نے بینچ سے الگ ہونے کی استدعا کے باوجود توہین عدالت کے عمل میں چیئرمین نیب پر فرد جرم عائد کی۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ خط جان بوجھ کر عام کیا گیا یا نادانستگی سے ایسا ہوا، یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کیا چیئرمین نیب صدر کو اس نوعیت کا خط لکھ سکتے ہیں۔ان باتوں کا دفاع فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد بھی کیا جاسکتا ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ ان کے موٴکل پر الزام ثابت ہونے سے پہلے فرد جرم عائد کی جارہی ہے، فرد جرم اس پر عائد کی جائے جس نے یہ خط عام کیا۔ بعد ازاں عدالت نے چئیرمین نیب کی انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔