1 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:2
سندھ ہائیکورٹ:مشرف کی آمد پر وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ
آج نیوز - سندہ ہائی کورٹ میں مشرف کی آمد پر رینجرز کے ناروا سلوک کے خلاف وکلاء نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا، جس سے سائلین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔انتیس مارچ کو سابق صدر پرویز مشرف کی سندھ ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پررینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وکلاء سے ناروا سلوک اورہائیکورٹ کے تقدس کو پاما ل کرنے کے خلاف سندھ بار کونسل کی اپیل پر کراچی بار، ملیربار اور ہائیکورٹ بار کے وکلاء نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ سندھ ہائی کورٹ کے افتخار ہال میں ہائی کورٹ باراسوسی ایشن کا جنرل باڈی اجلاس بار کے صدر مصطفی لاکھانی ایڈوکیٹ کی زیر صدارت ہوا جس میں پرویز مشرف کی سندھ ہائی کورٹ میں آمد کے موقع پر پیش آنے والے صورتحال کی مذمت کی گئی جبکہ ماتحت عدالتوں میں بھی وکلاء پیش نہیں ہوئے۔ جیلوں سے قیدیوں کو بھی لا کرعدالتوں میں پیش نہیں کیا جا سکا۔ وکلاء کے عدالتی بائیکاٹ کے موقع پرسائیلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اورانہیں مقدمات کی آئندہ تاریخ دے دی گئی جس کے باعث ہزاروں مقدمات التواء کا شکار ہو گئے۔سندھ ہائی کورٹ بار اسو سی ایشن کے صدر مصطفی لاکھانی ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ وہ انتیس مارچ کو جو کچھ ہوا اس کے ذمہ دار پرویز مشرف ہیں۔