تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:21

ن لیگ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری نہ کرسکی

آج نیوز - مسلم لیگ نون پارٹی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری نہ کر سکی۔ نظریاتی اور قربانیاں دینے والے کار کنوں کو نظرانداز کرنے پر مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے لیگی کارکنوں کا ماڈل ٹاوٴن میں پارٹی سیکریٹریٹ کے باہر دھرنا۔ شیخوپورہ کے کارکنوں نے الیکشن کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی۔مسلم لیگ نون کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس لاہور میں پارٹی سربراہ نواز شریف کی زیرصدارت ہوا لیکن امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ مختلف اضلاع سے پارٹی امیدواروں کی فہرست پر نظرثانی اور مشاورت کا عمل کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکا۔ ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کو مشورہ دیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پرتال کے بعد ہی پارٹی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے۔ پارٹی سکریٹریٹ میں اجلاس اور باہر نظریاتی وابستگی رکھنے والے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ نہ دینے کے خلاف کارکنوں کا شدید احتجاج جاری رہا۔ شیخوپورہ کے حلقہ این اے ایک سو چونتیس سے اکبر شیر خان اور لودھراں سے طاہر امین غوری کو پی پی دو سو دس سے ٹکٹ نہ ملنے پر اہل حلقہ سراپا احتجاج بن گئے اور پارٹی سکریٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ من پسند افراد کو ٹکٹ دیئے گئے تو وہ الیکشن کا بائیکاٹ کریں گے۔ پنجاب کے دیگر شہروں سے آنے والے کارکنوں نے بھی مختلف ٹولیوں کی شکل میں ماڈل ٹاوٴن کے گرد ڈیرے ڈالے رکھے لیکن مایوسی کے سوا انہیں کچھ نہیں ملا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.