1 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:56
جعلی ڈگری کیس:جمشیددستی کیخلاف فرد جرم عائد
آج نیوز - ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرگڑھ نے ریجنل الیکشن کمشن کی درخواست پر جعلی ڈگری کیس میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے خلاف فرد جرم عائد کر دی۔سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی وکلاء کے ساتھ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالرحمان نیازی کی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیان قلمبند کرایا، جس میں جمشید دستی نے الیکشن کمشن کے الزامات کی نفی کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے جامعہ نعیمیہ رضویہ سردارالمدارس ملتان سے تعلیم حاصل کی اور امتحان دے کر سند حاصل کی، اس ادارے کی اسناد پر کئی پارلیمنٹیرینز نے حصہ لیا۔ مدرسے کے مہتمم اعلیی اسداللہ نے بطور گواہ تصدیق کی کہ جمشید دستی ان کے مدرسے کے طالبعلم رہے اور انہوں نے امتحان دے کر سند حاصل کی۔۔ بیانات قلمبند کرنے کے بعد عدالت نے درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ جعلی ڈگری کیخلاف استغاثہ کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا ان کی خواہش ہے کہ وہ الزامات سے کلیئر ہو کر سکروٹنی کیلئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی موجودہ ڈگری اصلی ہے، اس کے باوجود وہ ایف اے اور بی اے کرنا چاہتے ہیں۔سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ اگر جاگیردار اہل ہو سکتے ہیں تو انہیں بھی الیکشن میں حصہ لینے سے نہیں روکا جانا چاہیئے۔