1 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:56
جعلی ڈگری کیس:جمشید دستی اور عامر یار وارن کیخلاف فردجرم عائد
آج نیوز - جعلی ڈگری کیس میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی اور عامر یار وارن کے خلاف فرد جرم عائد کر دی گئی۔سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی وکلاء کے ساتھ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالرحمان نیازی کی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیان قلمبند کرایا، جس میں جمشید دستی نے الیکشن کمشن کے الزامات کی نفی کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے جامعہ نعیمیہ رضویہ سردارالمدارس ملتان سے تعلیم حاصل کی اور امتحان دے کر سند حاصل کی، اس ادارے کی اسناد پر کئی پارلیمنٹیرینز نے حصہ لیا۔ مدرسے کے مہتم اعلی اسداللہ نے بطور گواہ تصدیق کی کہ جمشید دستی ان کے مدرسے کے طالبعلم رہے اور انہوں نے امتحان دے کر سند حاصل کی۔ بیانات قلمبند کرنے کے بعد عدالت نے درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ جعلی ڈگری کیخلاف استغاثہ کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا ان کی خواہش ہے کہ وہ الزامات سے کلیئر ہو کر سکروٹنی کیلئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی موجودہ ڈگری اصلی ہے، اس کے باوجود وہ ایف اے اور بی اے کرنا چاہتے ہیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ اگر جاگیردار اہل ہو سکتے ہیں تو انہیں بھی الیکشن میں حصہ لینے سے نہیں روکا جانا چاہیئے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہاولپور سید حامد حسین شاہ نے پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی عامر یار وارن کیخلاف جعلی ڈگری کیس کی سماعت کی اور ان کے خلاف فرد جرم عائد کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ عامر یار وارن پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر این اے ایک سو چوراسی سے کامیاب ہوئے تھے۔