2 اپریل 2013
وقت اشاعت: 14:56
جعلی ڈگری: ہمایوں کرد کو1 سال قید ،ناصر علی شاہ اشتہاری قرار
آج نیوز - جعلی ڈگری کیس میں سابق وفاقی وزیر ہمایوں عزیز کرد کو ایک سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانہ جبکہ رکن قومی اسمبلی ناصر علی شاہ کو اشتہاری قرار دیکر جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ خیبرپختو نخواہ اسمبلی کے سابق رکن خلیفہ عبدالقیوم کو بھی تین برس قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی دگئی۔پشین سے سابق رکن قومی اسمبلی مولوی آغا محمد کی ڈگری بھی غیر مستند قرار دے دی گئی ۔ جعلی ڈگری کیس کی سماعت کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سبی کی عدالت نے سابق وفاقی وزیر ہمایوں عزیز کرد کیخلاف بی اے کی جعلی ڈگری کیس کافیصلہ سناتے ہوئے ایک سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کا حکم دیا پولیس نے سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد کو گرفتار کرکے ڈسٹرکٹ جیل سبی منتقل کردیا۔ جبکہ پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر دوہزار آٹھ کے انتخابات میں کوئٹہ سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی ناصر علی شاہ کے کیس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فائیو نوروز ہوت نے عدالت سے مسلسل غیر حاضری اور غلط بیانی کرنے پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے محکمہ ریونیو کو ناصر علی شاہ کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق رکن خیبرپختونخواہ اسمبلی خلیفہ عبدالقیوم کیخلاف جعلی ڈگری کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج حیات اللہ خان کی عدالت میں ہوئی۔ عدالت خلیفہ عبدالقیوم کی اسناد کی عدم تصدیق پر انہیں تین سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی جس کے بعد انہیں سینٹرل جیل بھیج دیا گیا۔ خلیفہ عبدالقیوم دو ہزار آٹھ میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات میں آزاد حیثیت سے کامیاب ہوئے تھے۔ پشین سے جے یو آئی ف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سابق رکن قومی اسمبلی مولوی آغا محمد کی ڈگری بھی الیکشن کمیشن نے غیرمستند قرار دے دی ہے۔مولوی آغا محمد کا کیس متعلقہ سیشن جج کو بھجوا دیا گیا ہے۔جبکہ جمیعت علمائے اسلام ف کے ٹکٹ پر گزشتہ انتخابات میں کامیاب ہونیوالے رکن قومی اسمبلی حاجی روز دین اور سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک جعلی ڈگری کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔