2 اپریل 2013
وقت اشاعت: 15:37
سپریم کورٹ:جعلی ڈگری کیس کا تحریری فیصلہ جاری
آج نیوز - سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے، تحریری فیصلہ دس صفحات پر مشتمل ہے جسے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے تحریر کیاہے،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایک سو نواسی اراکین پارلیمنٹ کو اسناد کی تصدیق کے لئے پانچ اپریل تک ایک اور مہلت دی جا رہی ہے۔ فیصلے کی روح سے الیکشن کمیشن میں ہونے والے امیدواروں کی اہلیت سے متعلق نئے رہنماء اصول مرتب کئے گئے ہیں۔ فیصلے میں عدالت نے قرار دیا ہے کہ ایسے ارکان جنہوں نے دو ہزار آٹھ کے انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی وہ اس وقت سے ہمیشہ کیلئے نا اہل ہیں، انہیں حاصل کردہ تمام مراعات بھی واپس کرنا ہوں گی۔ غلط بیانی کرنے والا آرٹیکل باسٹھ کی زد میں آتا ہے، اسے نشست پر رہنے کا حق نہیں، ایسے ارکان کیخلاف کارروائی کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔