2 اپریل 2013
وقت اشاعت: 22:17
پنجاب کوکنگال کرنیوالے شکست سے دوچار ہونگے،پرویزالہی
آج نیوز - مسلم لیگ قاف پنجاب کے صدر چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی انتخابی عمل میں تیزی آئے گی، خوشحال پنجاب کو کنگال بنانے والے انتخابات میں شکست سے دوچار ہوں گے۔لاہور میں مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے رہنماء سید وقار گیلانی کی مسلم لیگ قاف میں شمولیت کے موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے ایک مشکل فارم انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو جاری کیا گیا، جب تک جانچ پڑتال کا عمل مکمل نہیں ہو گا، الیکشن کا ماحول نہیں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ قاف عام انتخابات میں سرپرائز دے گی، جنگلا بس پر پورے پنجاب کا بجٹ خرچ کرنے والوں کو عوام عام انتخابات میں مسترد کر دیں گے۔چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان نے ہمیشہ دیانتداری سے ٹیکس ادا کیا اور الیکشن کمیشن میں حقائق پر مبنی گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے مشاورت کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جلد جاری کر دی جائے گی۔