3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 9:38
انتخابات کے دوران دہشتگردی کا خطرہ ہے، رحمان ملک
آج نیوز - سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کہتے ہیں کہ انتخابات میں طالبان مخالفین اور حمایتی سیاسی جماعتوں کے درمیان مقابلہ ہوگا،عوام باشعور ہیں انتخابات میں درست فیصلہ کریں گے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ عدالت عظمٰی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ الیکشن کے دوران دہشت گرد سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں طالبان مخالف اور طالبان حامی جماعتوں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام درست فیصلہ کریں گے، کسی سیاسی جماعت کے جلسے میں سینکڑوں افراد ہوتے ہیں تو دھماکہ ہو جاتا ہے جبکہ اسی علاقے میں کسی اور سیاسی جماعت کے بڑے بڑے جلسے ہوتے ہیں تو کوئی دھماکہ نہیں ہوتا۔ فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ طالبان حامیوں کو ووٹ دینا ہے یا طالبان مخالف کو۔