3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 10:28
ترک فوج کے سربراہ کی واہگہ بارڈر پر تقریب میں شرکت
آج نیوز - ترکی کی مسلح افواج کے سربراہ نے واہگہ بارڈر پر پاکستان اور بھارت کے قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی جوانوں کے جذبے کو سراہا۔ ترک آرمڈ فورسز کے سربراہ نجدت اوزیل پاک بھارت پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت کے لئے واہگہ بارڈر پہنچے تو ان کا استقبال ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل رینجرز پنجاب بریگیڈیئر محمد جمیل نے کیا۔ اس موقع پر مقامی لوگوں کے ساتھ غیر ملکیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہاں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، پاکستان خوبصورت ملک ہے۔ خون کو گرما دینے والی اس تقریب میں شریک طالبات کا کہنا تھا کہ سرحد پر آ کر حب الوطنی کا جذبہ بڑھا ہے، جس طرح یہاں یک زبان ہو کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، اسی طرح ایک ہو کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھی کردار ادا کرنا ہو گا۔ واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں لوگوں کی بھرپور شرکت اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ اپنے ملک سے کس قدر محبت کرتے ہیں۔