3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 11:18
کروڑوں ڈالر کا کمیشن، ڈاکٹر عاصم کیخلاف انکوائری شروع
آج نیوز - ایرانی کمپنی کو زائد قیمت پر پاک ایران گیس پائپ لائن بچھانے کا کانٹریکٹ دینے پر سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے پائپ لائن بچھانے کا کانٹریکٹ ایرانی کمپنی تدبیر کو عالمی مارکیٹ سے کہیں زیادہ قیمت پر دیا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں فی کلو میٹر پائپ لائن بچھانے کی لاگت دس لاکھ ڈالر ہے، جبکہ تدبیر کو آٹھ سو پچاس کلو میٹر پائپ لائن پچھانے کا کانٹریکٹ انتیس لاکھ ڈالر فی کلو میٹر کے حساب سے دیا گیا ہے، اس معاملے پر سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں وزارت پیٹرولیم اور انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم سے معاہدے کے تمام ریکارڈز طلب کر لئے گئے ہیں۔ انٹیلیجنس ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کانٹریکٹ میں پینتالیس کروڑ ڈالر کمیشن یا رشوت شامل ہے، جو ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف انکوائری کا سبب بنے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کانٹریکٹ کے لئے مذاکرات کرنے والے آئی ایس جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر حسن نواب کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔