3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 15:58
پنجاب بھر میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری
آج نیوز - لاہور سمیت پنجاب بھر میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے،سابق وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف سے اعتراضات پر جواب طلب کرلیا گیا ہے۔پنجاب میں قومی اسمبلی کی ایک سو اڑتالیس اور صوبائی اسمبلی کی دو سو ستانوے جنرل نشستوں کیلئے مختلف جماعتوں اور آزاد امیدوراوں کی جانب سے جمع کیے جانے والے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل تیسرے روز بھی جاری ہے۔لاہور میں سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں سے کاغذات نامزدگی پر اعترا ضات دائر کئے گئے۔حلقہ پی پی ایک سو انسٹھ سے کاغذات نامزدگی پر بابر امین نامی شہری نے اعتراض جبکہ پی پی ایک سو اکسٹھ سے کاغزات پر امیدوار رانا سجاد ایڈووکیٹ نے اعتراضات دائر کئے جس پر ریٹرننگ افسران نے پانچ اور چھ اپریل کو جواب طلب کرلیا۔لاہور سے مسلم لیگ نون کے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو اٹھائیس سے امیدوار ملک افضل کھوکھر،پی پی ایک سو پچپن سے خواجہ سلمان رفیق اور پی پی ایک سو انچاس سے پیپلزپارٹی کے اورنگزیب برکی سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات منظور کرلئے گئے۔پاکپتن کے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو پینسٹھ سے مسلم لیگ نون کے امیدوار سلمان گیلانی کے کاغذات مسترد کیے گئے،وہاڑی کے حلقہ پی پی دو سو سینتیس کیلئے آل پاکستان مسلم لیگ کے امیدورا راجہ عامر کے کاغذات کم عمری کی بنا پر مسترد کیے گئے جبکہ حلقہ پی پی دو سو چھتیس کیلئے آزاد امیدورا رانا غیاث الدین کے بھی کاغذات مسترد کر دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق ریٹرنگ آفیسرز امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے اقرار نامے اور بیان حلفی کا جائزہ لے رہے ہیں۔