3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:49
کامران فیصل کی ہلاکت ،فرانزک رپورٹ عدالت میں پیش
آج نیوز - سپریم کورٹ میں کامران فیصل کی ہلاکت سے متعلق پنجاب فرانزک ایجنسی کی رپورٹ پیش، عدالت نے رپورٹ رجسٹرار آفس کو بھجوا کر فریقین کو رسائی کی اجازت دے دی۔عدالت عظمی کے دو رکنی بینچ نے فرانزک ایجنسی کی رپورٹ کا جائزہ لے کر اسے رجسٹرار آفس کو بھجوا دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ نیب حکام، اسلام آباد پولیس ،کامران کے والد، عدالتی معاون، درخواست دے کر رپورٹ کا معائنہ کر سکتے ہیں۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ کامران فیصل کے والدکے فریق بننے پر نیب کو اعتراض ہے تو تحریری طور پر آگاہ کرے۔ دیت کے قانون میں وارث کو فریق بننے کا حق حاصل ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے تحریری جواب داخل کرنے کیلئے آئندہ سماعت تک مہلت طلب کر لی جس کے بعد سماعت سولہ اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔