3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 21:30
امریکاانتخابات ملتوی کرانیکی سازش کرسکتا ہے،منور حسن
آج نیوز - امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ انتخابات امریکی غلامی سے نجات کا ذریعہ ثابت ہوں گے، امریکا پاکستان میں انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر سکتا ہے۔گوجرانوالہ میں ضلعی امیر بلال قدرت بٹ کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منور حسن کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے بعض قوتوں کو تھپکی دے رہا ہے، خدشات ہیں کہ وہ انتخابات ملتوی کرانے کی سازش بھی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں، سکروٹنی کا عمل مکمل ہوتے ہی تمام معاملات طے پا جائیں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی میں سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود الیکشن کمشن گھر گھر ووٹوں کی تصدیق کا کام شفاف طریقے سے پورا نہیں کر سکا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ موجودہ حالات میں انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔