4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 8:58
نواز و شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل
آج نیوز - پاکستان مسلم لیگ نے کے سربراہ نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات داخل کرا دیئے گئے، الیکشن کمیشن نے اعتراض پر کل تک جواب طلب کر لیا۔ لاہو رکے حلقہ این اے ایک سو بیس سے نواز شریف نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس پر پیپلز پارٹی کے سہیل ملک نے الیکشن کمیشن میں اعتراض داخل کرا دیا ہے۔ اعتراض گزار سہیل ملک کا کہنا ہے کہ نواز شریف اصغر خان کیس میں ڈیفالٹر ہیں ، نواز شریف ڈیل کر کے باہر گئے اس لئے وہ صادق اور امین نہیں رہے، لہٰذا ان کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کیا جائے۔ دوسری جانب لاہور کے حلقہ این اے ایک سو انتیس سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراضات داخل کرائے گئے ہیں۔ شہباز شریف کے خلاف اعتراض افضال عظیم نے داخل کرایا۔ اعتراض گزار افضال عظیم نے موقف اختیار کیا ہے کہ شہباز شریف نے نیب میں دائر ریفرنسز کو روکا ہوا ہے اور شہباز شریف کے خلاف مقدمہ بھی درج ہے۔ الیکشن کمیشن نے اعتراض پر پانچ اپریل کو جواب طلب کر لیا ہے۔