4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 10:18
منظور وٹو نے اپنی ڈگریاں میڈیا کے سامنے پیش کر دیں
آج نیوز - پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر نے میٹرک،ایف اے اور بی اے کی ڈگریاں میڈیا کے سامنے پیش کر دیں، میاں منظور احمد وٹو کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن عوام کی رائے کا احترام کرے، امیدواروں سے آیات اور سورتیں سننا جہالت ہے۔ پنجاب ہاوٴس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں منظور وٹو نے کہا کہ میری اسناد اصلی ہیں، آٹھ سال اسپیکر رہا، نو مرتبہ منتخب ہوا، کیا میں میٹرک پاس بھی نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرجانبدار الیکشن کمیشن پارلیمنٹ نے بنایا ہے، وہ گھٹن کی فضا ختم کرے، پوری دنیا میں ووٹر ہی امیدواروں کے کردار کا فیصلہ کرتے ہیں۔آیات الکرسی نہ سنانے پر باسٹھ تریسٹھ لاگو نہیں ہونا چاہئے۔ ایک سوال پر میاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی تقسیم پر کوئی اختلاف نہیں، ق لیگ سے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ہی انتخابی مہم چلائیں گے۔ میاں منظور وٹو نے صحافیوں کو بتایا کہ میں نے انیس سو چھپن میں میٹرک، اٹھاون میں ایف اے اور انیس سو اکسٹھ میں بی اے کیا تھا۔