4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 10:38
افغانستان کی صورتحال پر پاک، چین، روس کے مذاکرات
آج نیوز - افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل پر پاکستان، چین اور روس کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوئے، تینوں ممالک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان مفاہمتی عمل کو کامیاب بنائے۔ افغانستان سمیت علاقائی صورتحال پر پاکستان اور چین کے درمیان مشاورت کا دوسرا دور بیجنگ میں ہوا، جس کے بعد افغانستان کے تینوں ہمسائیہ ممالک پاکستان، چین اور روس کے درمیان افغان ایشو پر باضابطہ سہ فریقی مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں متعلقہ ممالک کے سفارتکاروں اور وزارت خارجہ کے حکام کے ساتھ روسی صدر کے افغانستان اور پاکستان کیلئے خصوصی نمائندے نے بھی شرکت کی۔ مذاکرات کی سائڈ لائن پر چین کے نائب وزیر خارجہ نے دونوں مہمان وفود سے ملاقات بھی کی۔ مذاکرات کے دوران افغان ایشو، علاقائی صورتحال اور افغانستان پر بین الاقوامی اور علاقائی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تینوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کو یقینی بنایا جائے گا اور افغان قیادت میں افغانوں کی مرضی کے مطابق کسی بھی مفاہمتی عمل کی حمایت کی جائے گی۔ تینوں ممالک نے افغانسان میں امن کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے کردار کو بھی وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان،چین اور روس نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں مفاہمتی عمل کو کامیاب بنائے۔