4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 10:48
بلاول بھٹو والدہ کا انداز لئے انتخابی اکھاڑے میں کود پڑے
آج نیوز - بلاول بھٹو زرداری نے اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کی برسی سے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کردیا، انداز والدہ اور الفاظ والد کے لے کر بلاول بھٹو انتخابی اکھاڑے میں تو اتر آئے ہیں لیکن کیا وہ عوام کو اپنا ساتھ دینے پر آمادہ کر پائیں گے؟ بلاول بھٹو نے ووٹ مانگنے کا آغاز اپنے نانا کے واسطے سے کیا ہے، ان کے انداز میں اپنی والدہ کا لہجہ واضح تھا، ووٹ مانگنے کا انداز وہی تھا جو بے نظیر بھٹو نے اپنایا، عوام سے وعدہ لیا اور ملک کو منزل تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔ بلاول بھٹو نے اپنے والد کی طاقت کا ذکر بھی کیا اور اس دن کا بھی جب انہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تھا۔ عدالتی پیشیوں کا ذکر بھی ہوا اور یہاں تک کہہ دیا کہ پیپلز پارٹی کو تو سانس لینے کا بھی موقع نہیں دیا گیا۔ گوادر پورٹ کا ذکر ہوا اور حکومت کی کامیابیاں بھی گنوائی گئیں، لیکن عوام سے پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کا ساتھ دینے کی اپیل پر خود بلاول کی بھی ہنسی چھوٹ گئی۔ بلاول بھٹو نے اپنی پہلی انتخابی تقریر میں والدہ کے ورثے اور والد کی تربیت کا بھرپور اظہار کیا، یہاں تک کہ نعرے بھی والدہ کے لگائے۔