4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 11:9
قومی ٹیم کا باؤلنگ کیمپ لگانے کا فیصلہ، وسیم اکرم ٹپس دینگے
آج نیوز - آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ ایبٹ آباد جبکہ لیجنڈ وسیم اکرم کی نگرانی میں باوٴلنگ کیمپ کراچی میں لگانے کا اعلان کر دیا گیا۔ لاہور میں پی سی بی کے ترجمان کے مطابق بورڈ نے جنوبی افریقہ میں بلے بازوں کی طرح فاسٹ باوٴلرز کی خراب کارکردگی کی بنا پر باوٴلنگ کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دس روزہ کیمپ لیجنڈ وسیم اکرم کی زیر نگرانی کراچی میں لگایا جائے گا، جس میں نوجوانوں سمیت پندرہ سے سترہ قومی فاسٹ باوٴلرز کو مدعو کیا جائے گا۔ چیمپیئنز ٹرافی کے لئے قومی ٹیم کا دس روزہ تربیتی کیمپ ایبٹ آباد میں لگایا جائے گا۔ وسیم اکرم اس کیمپ میں بھی دو روز کے لئے فاسٹ باوٴلرز کو ٹپس دیں گے۔ بلے بازوں کی جنوبی افریقہ میں ناکامی کے بعد چیمپیئنز ٹرافی کیلئے انگلینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیمپ میں پچز تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں کیمپس کی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔