4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 11:28
سعید اجمل فٹ ہوگئے، تمام فارمیٹس کیلئے دستیاب
آج نیوز - پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹرز نے آف اسپنرسعیداجمل کوفٹ قرار دے دیا۔ اجمل تمام فارمیٹس کیلئے ٹیم کودستیاب ہوں گے۔ پینتیس سالہ سعید اجمل کوگزشتہ دوماہ سے پیٹ کے نچلے حصے میں تکلیف ہے اور شک ظاہرکیا جارہا تھا کہ انہیں ہرنیہ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹرز پینل نے اسپنر کی تمام رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں کلیئرقرار دے دیا ہے۔ ڈاکٹرز نے سعیداجمل کوآسٹریلیا یا انگلینڈ کے اسپورٹس ہرنیہ اسپیشلسٹ سے ملنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعید اجمل کوہرنیہ کی تکلیف نہیں ہے، وہ فی الحال ریسٹ کررہے ہیں اورآنے والی کسی بھی سیریز کھیلنے کیلئے مکمل طور پر فٹ ہیں۔ جنوبی افریقہ کے دورے سے واپسی کے بعد سعیداجمل نے تکلیف کے باعث سپرایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیا لیکن ڈاکٹرزکی ہدایات کے مطابق انہوں نے فائنل میں فیصل آباد وولوز کی نمائندگی کی۔ پلیئرز کی فٹنس اور انجری مسائل کے حوالے سے پی سی بی کے ڈاکٹرز تنقید کی زد میں رہتے ہیں۔ گزشتہ سال دورہ بھارت سے قبل حارث سہیل کا ٹخنہ مڑگیا تھا لیکن ڈاکٹرز نے انہیں ٹیم کے ساتھ سفرکرنے کی اجازت دے دی۔ حارث کوجنوبی افریقہ کے دورے کیلئے برقرار رکھا گیا جہاں ان کی انجری بگڑ گئی جس کی وجہ سے انہیں وطن واپس لوٹنا پڑا۔