4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 12:48
قومی خزانے کو 60 کروڑ روپے کا نقصان
آج نیوز - قومی خزانے کو ساٹھ کروڑ روپے کا نقصان، پاکستانی کمپنی پرنسلے جیٹ نے دوہزار نو میں تین ہیلی کاپٹرز درآمد کئے جبکہ ٹیکس سے بچنے کیلئے کاغذات میں انہیں لیز پر دکھایا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے چیئرمین نیب کو خط لکھ دیا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے چیئرمین نیب کو لکھے گئے خط میں ایف بی آر، ایف آئی اے، نیشنل بینک اور ایم ایس برنسلے جیٹ ایوی ایشن کیخلاف کارروائی کی درخواست کی ہے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی کمپنی پرنسلے جیٹ نے دوہزار نو میں تین ہیلی کاپٹرز درآمد کئے جبکہ ٹیکس سے بچنے کیلئے ان ہیلی کاپٹرز کو لیز پر شو کیا۔ یاد رہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ایک ہیلی کاپٹر کی قیمت پچیس لاکھ ڈالر ہے۔ پرنسلے جیٹ کی جانب سے ایک اعشاریہ تین سو بائیس ملین روپے کی امپورٹ ڈیوٹی دی گئی جبکہ اصل امپورٹ ڈیوٹی ایک سو چھیانوے اعشاریہ پانچ ملین روپے بنتی تھی۔ دوسری جانب ایف آئی اے کراچی نے تحقیقات کرانے کا معاملہ رفع دفع کر دیا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے خط کی کاپی وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان کو ارسال کر دی ہے۔ نیشنل بینک نے اکتالیس اعشاریہ پانچ کروڑ کا قرضہ پرنسلے جیٹ کو جاری بھی کر دیا ہے۔ نیشنل بینک کی جانب سے جاری کیا جانے والا قرضہ ڈیوٹی دستاویزات پر جاری کیا گیا ہے۔