4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 15:8
ای سی پی:کاغذات نامزدگی ریٹرنگ افسران کے حوالے
آج نیوز - الیکشن کمیشن نے بیس ہزار ایک سو بیاسی میں سے تیرہ ہزار تین سو تیرہ کاغذات نامزدگی ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد ریٹرننگ افسران کو بھیجوا دیئے ہیں،کاغذات نامزدگی پر اپیلیں سننے کیلئے ٹریبونل بھی تشکیل دیدیئے گئے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کو قومی اسمبلی کیلئے چھ ہزار پانچ سو بائیس اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے تیرہ ہزار چھ سو ساٹھ کاغذات نامزدگی موصول ہوئے ہیں، کمیشن نے مجموعی طور پر موصولہ بیس ہزار ایک سو بیاسی میں سے تیرہ ہزار تین سو تیرہ کاغذات نامزدگی ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد ریٹرننگ افسران کو بھیجوا دیئے ہیں، جبکہ کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کیخلاف اپیلیں سننے کیلئے ملک بھر میں نو الیکشن ٹریبونل بھی قائم کر دیئے گئے ہیں،پنجاب میں پانچ،سندھ دو،جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ایک ایک الیکشن ٹرببونل قائم کیا گیا ہے،اسلام آباد کے حلقہ این اے اڑتالیس اور انچاس کی اپیلیں راولپنڈی بینچ سنے گا ،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل سات اپریل تک جاری رہے گا جبکہ اپیل دائر کرنے کی حتمی تاریخ دس اپریل مقرر کی گئی ہے۔ ٹربیونل سترہ اپریل تک اپیلوں پر فیصلہ کریں گے جبکہ امیدواروں کو اٹھارہ اپریل تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی اجازت ہو گی۔مکمل چھان بین کے بعد الیکشن کمیشن انیس اپریل کو امیدواروں کی حتمی نظر ثانی شدہ فہرست شائع کرے گا جو گیارہ مئی کے انتخابات میں حصہ لیں گے۔