4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:29
جنرل کیانی کی پرامن انتخابات کیلئے تعاون کی یقین دہانی
آج نیوز - چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پرامن انتخابات کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی ، کہتے ہیں کہ پاک فوج آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن مدد کرے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کے روز چیف آف آرمی سٹاف نے کوئٹہ کے دورے کے دوران گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی اور نگراں وزیر اعلیٰ نواب غوث بخش بروزئی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،جنرل کیانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج مئی میں ہونے والے انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے مکمل طو پر تیار ہے۔ انہوں نے اگلے ماہ ہونے والے انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا پاکستان آرمی اس حوالے سے ہر قسم کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے،الیکشن کمیشن کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ ملاقات سے قبل چیف آف آرمی سٹاف کو کمانڈر سدرن کمان لیفٹیننٹ جنرل محمد عالم خٹک نے صوبے کی سیکورٹی کی صورتحال اور صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔