4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 20:59
پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ میں انتخابی اتحاد
آج نیوز - پاکستان تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے درمیان انتخابی اتحاد طے پا گیا،شیخ رشید احمد این اے پچپن اور عمران خان این اے چھپن سے الیکشن لڑیں گے۔ جمعرات کے روز پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماوٴں نے آئند عام انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی۔ دونوں جماعتوں نے مشترکہ انتخابی مہم چلانے پر اتفاق کر لیا۔ ملاقات میں طے پایا گیا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد راولپنڈی کے حلقہ این اے پچپن سے الیکشن لڑیں گے اور تحریک انصاف ان کے مقابلے میں اپنا کوئی امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔ جبکہ این اے چھپن سے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان خود الیکشن لڑیں گے۔ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے امیدواروں کو مکمل سپورٹ کرے گی۔مشترکہ انتخابی مہم کے سلسلہ میں نو مئی کو لیاقت باغ انتخابی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔