5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 8:49
جعلی ڈگری: علی جتک کو 2 سال قید کی سزا، جیل منتقل
آج نیوز - کوئٹہ کی مقامی عدالت نے جعلی ڈگری کیس میں سابق صوبائی وزیرعلی مدد جتک کو دو سال قید اوردس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ جعلی ڈگری کیس میں گزشتہ روز صوبائی اسمبلی علی مدد جتک کا بیان قلم بند کرنے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ ایڈیشنل اینڈ ڈسٹرکٹ سیشن جج کوئٹہ محمد حکیم کاکڑ نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اورسابق صوبائی وزیر علی مدد جتک کو دو سال قید اور دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے علی مدد جتک نے کہا وہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، فیصلے کیخلاف اپیل دائر کریں گے۔ سیشن کورٹ کے باہر پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے علی مدد کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ فیصلے کے بعد علی مدد کو کمرہ عدالت سے گرفتارکرلیا گیا۔ علی مدد جتک کی ڈگری کو شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپورنے غیرمستند قراردیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے علی مدد جتک کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ علی مدد جتک پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر دو ہزار آٹھ کے انتخابات میں کوئٹہ کے حلقے پی بی پانچ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے الیکشن کمیشن نے ان کی ڈگری جعلی ہونے پر عدالت میں مقدمہ دائرکیا تھا، علی مدد جتک بلوچستان کی برطرف ہونے والی حکومت میں وزیر مواصلات تھے۔