5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 9:20
الیکشن کمیشن: 17 ہزار کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل
آج نیوز - الیکشن کمیشن نے تئیس ہزار دو سو تئیس میں سے سترہ ہزار ایک سو دس کاغذات نامزدگی ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد ریٹرننگ افسران کو بھیجوا دیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے مجموعی طور پر تئیس ہزار دو سو تئیس کاغذات نامزدگی موصول ہوئے ہیں جن میں سے سترہ ہزار ایک سو دس کاغذات نامزدگی ابتدائی جانچ پڑتال مکمل کرکے ریٹرننگ افسران کو بھیجوا دیئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کیخلاف اپیلیں سننے کیلئے ملک بھر میں نو الیکشن ٹریبونل بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل سات اپریل تک جاری رہے گا جبکہ اپیل دائر کرنے کی حتمی تاریخ دس اپریل مقرر کی گئی ہے۔ ٹربیونل سترہ اپریل تک اپیلوں پر فیصلہ کریں گے جبکہ امیدواروں کو اٹھارہ اپریل تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی اجازت ہو گی۔ مکمل چھان بین کے بعد الیکشن کمیشن انیس اپریل کو امیدواروں کی حتمی نظر ثانی شدہ فہرست شائع کرے گا جو گیارہ مئی کے انتخابات میں حصہ لیں گے۔